بھٹکل:4/ستمبر (ایس او نیوز) مرڈیشور کے شری رام سینا لیڈر جینت نائک کے خلاف جاری کئے گئے تڑی پار حکم کو ہائی کورٹ میں چیلنج کئے جانے کی جانکاری شری رام سینا نے دی۔ اتوار کو تعلقہ کے منکولی ہندو ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس میں شری رام سینا کے قانونی صلاح کار سریش نائک نے بات کرتے ہوئے کہاکہ تڑی پار ہوئے جینت نائک کے خلاف کل 10کیس تھے جن میں سے 4معاملات حل ہوگئے ہیں۔ بقیہ معاملات کی سنوائی چل رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جینت نائک ہندو اصولوں پر یقین رکھنے والے شخص ہیں، مرڈیشور کی رودر بھومی (شمشان )ہندؤوں کو دلانے کے لئے جدوجہد کرنےو الے جینت نائک رئیل اسٹیٹ مافیا کے نشانے پر تھے۔ پنچایت ممبر کے طورپر بھی انہوں نے عوامی کام کئے ہیں۔ جس طرح پولس نے تڑی پار حکم کو جاری کرنے میں جلدی کی ہے وہ صحیح نہیں ہے، سریش نائک نے بتایا کہ صحت کے مسائل سےدوچار جینت نائک کو دوائی لینے تک کا موقع نہیں دیا گیا ہے۔ آگے کہا کہ بھٹکل میں قانون کےنفاذ میں تعصب برتاجاتاہے،
سریش نائک کے مطابق جب تک الزام ثابت نہیں ہوتاہے کوئی بھی مجرم نہیں ہیں۔ انہوں نے پولس افسران پر شری رام سینا کے لیڈروں کے معاملے میں تعصب کا رویہ اپنانےکا الزام لگایا۔ جینت نائک کی بیوی منجولانے اس موقع پر بات کرتے ہوئے اعتماد جتایا کہ اس کا شوہر بے قصور ہوکر لوٹ آئے گا۔ شری رام سینا بھٹکل کے صدر بابوموگیر، شری دھر نائک، ناگراج، راجو موڑبھٹکل، ماروتی وغیرہ موجود تھے۔